(قذافی بٹ) بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشخبری،پنجاب حکومت نے بے روزگار نوجوان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے 30 لاکھ روپے آسان شرائط پر قرضہ دینے کا پلان مکمل کرلیا، بجٹ کے بعد قرضے دیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کو آسان اقساط پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے قرض ملے گا، وزیراعظم کو وزارت صنعت وتجارت کے وزیر میاں اسلم اقبال کی جانب سے دی جانے والی سفارشات میں بتایا گیا ہے کہ قرض دینے کے لیے تین کیٹگریز بنائی گئی ہیں جن میں نوجوانوں کے پاس کاروبار کرنے کا آئیڈیا ہوگا، اسے 30 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا ، کاروبار کرنے کے لئے نوجوان کو 20فیصد شو کرنا ہوگا جبکہ 80 فیصد قرض حکومت دے گی، ایک سال تک حکومت قرض کی قسط نہیں لے گی۔
دوسری کیٹگری میں ان افراد کو رکھا گیا ہے جو پہلے سے کاروبار کررہے ہیں لیکن سرمایہ نہ ہونے کے باعث کاروبار کو وسعت نہیں دے پائے، تیسری کیٹگری میں مڈل سے کم تعلیم یافتہ ایسے افراد کو رکھا گیا ہے کہ جو ہنر مند ہیں لیکن کام کرنے کے لیے پیسے نہیں انہیں تین سے پانچ لاکھ روپے میں کاروبار کروا کر دیا جائے گا تاکہ وہ اپنا گھر بھی چلا سکیں اور چار پانچ افراد کو نوکریاں بھی فراہم کرسکیں۔