وی وی آئی پی قیدی کا ایک اور طبی معائنہ، ایک اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا حکم

24 Oct, 2024 | 07:37 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  اسلام آباد ہائیکورٹ نے  اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے ایک اور میڈیکل  چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

 وی وی آئی پی قیدی عمران خان کا میڈیکل چیک اپ چند روز پہلے ہی پاکستان کے صف اول کے ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمس) کے ڈاکٹروں نے کیا تھا اور انہیں بالکل صحت مند قرار دیا تھا اور بتایا تھا کہ انہیں جو چند طبہ مسائل پہلے سے درپیش ہیں ان کے لئے انہیں پہلے ہی مناسب ادویات دی جا رہی ہیں۔ انہیں کوئی نیا ہیلتھ پرابلم نہیں ہے اور وہ صحت مند ہیں۔ اس طبی معائنہ کو ناکافی گردانتے ہوئے بانی کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست دی گئی۔  میڈیکل چیک  اپ  سے متعلق بانی کی اس درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔
 اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل اورنگ زیب نے قرار دیا کہ   بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے، وہ سابق وزیراعظم  ہیں اور انڈر ٹرائل قیدی ہیں، "سکیورٹی اقدامات بی کلاس قیدی کے چیک اپ میں رکاوٹ نہیں ہو سکتے"
 جسٹس میاں  گل اورنگزیب  نے بانی  کی درخواست پر اپنے فیصلے میں پمس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر  کو حکم دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنےکیلئے بورڈ تشکیل دیں، بورڈ میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کو بھی شامل کیا جائے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز میڈیکل بورڈ تشکیل دےکر حکم کی تعمیل کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ کو پیش کریں۔ 

جسٹس میاں گل اورنگزیب نے مزید حکم دیا کہ اس عدالتی آرڈر کی کاپی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی عمل درآمد کیلئے بھیجی جائے۔

مزیدخبریں