ویب ڈیسک:وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے نومبر تک پی آئی اے کی نجکاری اوراسلام آباد ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کاعمل مکمل کرنے کااعلان کردیاجبکہ انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن پاکستان کو 3 سال میں 3 ارب ڈالرز کی کموڈٹی فنانسنگ فراہم کرے گی۔
انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے وفد سے وفاقی وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کی،اس موقع پر انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن نے اعلان کیاکہ وہ پاکستان کو 3 سال میں 3 ارب ڈالرز کی کموڈٹی فنانسنگ فراہم کرے گا،اس کے علاوہ آئی ٹی ایف سی نے پاکستان کے لیے فوری طورپر 269 ملین ڈالرزکی براہ راست فنانسنگ کا بھی اعلان کیا ہے۔
انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن نے پاکستان میں اپنے پورٹ فولیو کو متنوع بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا،وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پرآئی ٹی ایف سی کو حکومت پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اس سے قبل ڈوئچے بینک کی ٹیم سے بھی ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتِ حال پر ڈوئچے بینک کی ٹیم کو بریفنگ دی،محمد اورنگزیب کا کہناتھا کہ فچ اور موڈیز نے پاکستان کریڈٹ ریٹنگ کو بہتر کیا ہے، گرین انٹرنیشنل کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی کے لیے پائیدار مالیاتی فریم ورک بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں،واشنگٹن میں وہ ورلڈ بنک اورآئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کررہے ہیں۔
ورلڈبنک کے ہیڈکوارٹرمیں فرانسیسی خبررساں ادارے"اے ایف پی "سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کاکہناتھاکہ پاکستان نومبر تک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ اورقومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کوحتمی شکل دینے کے لیے پرامیدہے۔
اس سے قبل رواں سال اپریل میں اے ایف پی کودیئے گئے ایک انٹرویو میں محمداورنگزیب کاکہناتھاکہ وہ پرامیدہیں کہ جون 2024ء تک قومی ایئرلائن کی نجکاری مکمل ہوجائے گی۔