پاکستان ائیرلائنز کے فلائٹ آپریشنز بند ہونے کا خطرہ سنگین تر ہو گیا

24 Oct, 2023 | 07:45 PM

اشرف خان:  پاکستان ائیرلائنز انٹرنیشنل کے مالیاتی بحران کے سبب فلائٹس آپریشن ایک بار پھر بند ہونے کا خدشہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔

 ایک طرف پاکستان سٹیٹ آئل کو روزانہ بنیاد پر فیول کی قیمت ادا کرنے کا مسئلہ اور دوسری طرف درجنوں پروازیں منسوخ ہونے کے سبب صارفین کو روزانہ بھاری رقوم کی واپسی کا مسئلہ پی آئی اے کے مالی بحران کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔

پی آئی اے منگل کے روز ایک بار پھر پاکستان سٹیٹ آئل کو طے شدہ رقم کی ادائیگی نہ کر سکا۔  

قومی ایئرلائن کو نئے ارینجمنٹ کے مطابق  آج منگل کے روز دس کروڑ روپے کی ادائیگی کرنا تھی لیکن یہ ادائیگی وعدے کے مطابق نہیں کی گئی۔

فلائٹ آپریشنز  کو کم سے کم سطح پرجاری رکھنے کے لئے چلانے کے لیے پی ایس او کے ساتھ معاہدہ قومی ائیر لائن نے آج پھر توڑ دیا ۔

پی ایس او  کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز صرف 7 کروڑ کی ادائیگی کی گئی ہے ۔ ادائیگی میں ڈیفالٹ کے بعد فیول کی فراہمی کسی بھی وقت رک سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو آج صرف اتنا فیول فراہم کیا جائے گا جتنی ادائیگی کی گئی ہے۔

پاکستان ائیرلائنز کی لاتعداد پروازیں منسوخ ہونے سے پی آئی اے کا بزنس انتہائی کم سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ٹکٹوں کے کینسل اور ری فنڈ ن ہونے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کی مالیاتی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

آج ک منگل کے دن پی آئی اے نے ریکارڈ 1 عشاریہ 2 ملین ڈالر کے ٹکٹوں کی ریفنڈ کی ادائیگی کی ہے ۔ پاکستانی روپئیوں میں یہ رقم 33 کروڑ 78 لاکھ روپے بنتی ہے۔

کروڑوں روپے کے ریفنڈ جاری کرنے کے سبب پی آئی اے کا مالی بحران اپنی انتہا کو پہنچ گیا ہے۔

پی آئی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بہت سی پروازیں منسوخ ہو  جانے کی وجہ سے پی آئی اے کو بدھ کے روز بھی مزید ٹکٹس کے ریفنڈ کرنا پڑیں گے۔ 

ٹکٹوں کے ریفنڈ کے بعد پی آئی اے کا کیش اِن فلو انتہائی کم ترین سطح پر پہنچ گیا  ہے۔ پی آئی اے کے پاس پی ایس او کو فیول کی ادائیگی کے لیے کیش نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔

مزیدخبریں