ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جناح اسپتال لاہور کا دورہ کیا۔
تفصیلات کےمطابق محسن نقوی نے ہسپتال میں ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ آرتھوپیڈک وارڈ کے واش روم میں صفائی نہ ہونے اور آپریشن تھیٹرز بند ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں کچھ مسائل ہیں، ٹراما سنٹر پر گزشتہ ماہ کام شروع ہونا چاہیے تھا جو کہ نہیں ہوا۔ جناح ہسپتال میں انسٹی ٹویٹ آف کارڈیالوجی کا بڑا سیٹ اپ بنا رہے ہیں ، بڑا سیٹ اپ بننے سے پی آئی سی پر لوڈ کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال میں گائنی سرجری کی بری حالت ہے جسے ٹھیک کرنا بہت ضروری ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لیکن چودہ کروڑ کی آبادی کے لئے ایک بھی سرکاری کینسر ہسپتال نہیں ہے۔ حکومت مناواں ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال بنا رہی ہے جو تین ماہ میں بن جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹراما سینٹر بھی یہاں منتقل کیا جائے گا۔
انتخابات کے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کی میڈیا سے گفتگو
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ دینا ہے۔ الیکشن جلد ہونے چاہیے اور الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ صاف شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے نوازشریف کی سزا معطل کرنے کے متعلق سوال کیا، جس کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ بزدار صاحب کی حکومت کے دور میں یہ درخواست آئی تھی اور انہوں نے یہ درخواست سنے بغیر مسترد کردی تھی۔ ہم نے درخواست عدالت کو بھجوا دی ہے ، کورٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے لیکن نگران حکومت کے پاس یہ اختیار ہے کہ پینل کوڈ کی سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کرسکے۔