ملک سلطان اعوان:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاہینوں نےبھارتی سورماؤں کا غرورخاک میں ملادیا، موقع موقع کی رٹ لگائے والوں کو بڑے ٹاکرے میں سکون لینے کا کوئی موقع نہ دیا۔
ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے بھارت10 وکٹوں سے شکست دے کر ریکارڈ توڑے بھی اور بنا بھی ڈالے۔بابراعظم اورمحمدرضوان نےبھارت کیخلاف152 رنز کی ریکارڈ اوپننگ شراکت قائم کرنے کااعزازبھی حاصل کیا۔ پاکستان نے بھارت کا 152 رنز کا ہدف 2 اوورز قبل حاصل کرلیا۔ محمد رضوان نے 79 اور بابر اعظم نے ناقابل شکست 68 رنز کی اننگز کھیلیں۔
قومی ٹیم نے بھارت کا پاکستان کےخلاف ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی پاش پاش کردیا۔ اس سے قبل پاکستان کی بھارت کے خلاف بہترین شراکت کا ریکارڈ 106 رنزتھا۔جو 2012 میں محمد حفیظ اور شعیب ملک کے درمیان قائم ہوئی تھی۔ وکٹ کیپرمحمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی میں کیچز کی سنچری مکمل کی اورمیگا ایونٹ کے میگا مقابلے میں دو کیچ پکڑے۔
قبل ازیں دوبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ کوہلی 57 او رشب پنت 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 ، حسن علی نے 2، شاداب اورحارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصؒل کی۔
میچ کے پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما کو صفر پر آؤٹ کردیا، کے ایل راہول بھی 3 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے، سوریا کمار یادیو 11 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے، کوہلی 57 کو بھی شاہین نے آؤٹ کیا۔ رشب پنت 39 رنز بنا کر شاداب خان اور جڈیجا 13 رنز بنا کر حسن علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ پانڈیا نے 11 رنز بنائے انہیں حارث رؤف نےآؤٹ کیا۔