( سٹی 42 ) مصنوعی مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کیلئے حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا، وفاقی حکومت نے پیاز کی برآمد پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی۔ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے ایکسپورٹ کے لیے فائیٹو سرٹیفکیٹ کا اجراء روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیاز کی برآمد پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کے لیے پابندی عائد کی ہے۔ پاکستان سے پیاز سری لنکا، بنگلا دیش اور ملائیشیا ایکسپورٹ ہورہی تھی، پابندی کے بعد اب پیاز کی ایکسپورٹ کے بھاری مالیت کے آرڈرز منسوخ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
صدر بادامی باغ سبزی منڈی اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ حکومت نے مقامی سطح پر پیاز کی قیمتیں کم کرنے کیلئے ایکسپورٹ روکی ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمت آسمان سے بات کرنے لگی۔ اوپن مارکیٹ میں شملہ مرچ 240، ادرک 450، سبز مرچ 160، لیموں 70، اروی 120، مٹر 240، ٹنڈے دیسی 100 اور گوبھی 60 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اگر ریٹ لسٹ جاری کرتی ہے تو اس پر عملدرآمد بھی کروائے۔ شہر میں برائلر گوشت اور زندہ کی قیمت برقرار رہی جبکہ زندہ برائلر 169 اور گوشت 245 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔