علی ساہی: پولیس اصلاحات اورتھانے کلچرمیں تبدیلی کے دعوے شہریوں کی پولیس کے خلاف شکایات نے عیاں کر دیئے، نہ مقدمات کا اندراج، ناقص تفتیش، عوام سے نامناسب رویہ پر پولیس خلاف آئی جی پنجاب کو رواں سال92 ہزار460 شکایات موصول، لاہور36 اضلاع میں 18900 شکایات کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان۔
تفصیلات کے مطابق نہ مقدمات کا اندراج، ناقص تفتیش، عوام سے نامناسب رویہ، شہریوں نے آئی جی کے کمپلینٹ سیل میں شکایات کے انبارلگا دئے ہیں، رواں سال کے پہلے ساڑھے 9 ماہ کے دوران آئی جی پنجاب کے کمپلینٹ سیل ایٹ سیون ایٹ سیون (8787) میں ساڑھے92 ہزارشکایات موصول ہوئیں۔
لاہور پولیس 36 اضلاع میں عوام کے پولیس کے متعلقہ مسائل حل نہ کرنے کی وجہ 18900 شکایات کے ساتھ پہلے نمبر پربراجمان ہے، مقدمات کی فری رجسٹریشن کے دعووں کی قلعی شہریوں کی جانب سے اندراج مقدمہ میں تاخیریا درج نہ کرنے کی 58ہزار سے زائد شکایات نے کھول دیا، انہی شکایات پرآئی جی پنجاب کے شکایت سیل نے پررواں سال 13 ہزار954 مقدمات درج کروائے، مقدمات کی ناقص تفتیش یا تفتیش میں جانبداری پر رواں سال 16 ہزار8 شکایات موصول ہوئیں ہیں۔
پولیس کے نامناسب رویے اور بروقت کارروائی نہ کرنے پر12 ہزار9 سو شہریوں نے آئی جی کمپلینٹ سیل سے رجوع کیا، پولیس کی سروسزمیسرنہ ہونے پر 1680 شہریوں نے شکایت درج کروائی ہے، موصول ہونے والی شکایات میں سے 12 ہزار ابھی بھی زیرالتوا ہیں۔
پولیس کی جانب سے اندراج مقدمہ میں تاخیر، ناقص تفتیش اور نامناسب رویہ پر اتنے بڑے پیمانے پر شکایات سے افسران پریشان ہوگئے جبکہ ائی جی پنجاب نے موصول ہونے والی شکایات پر فوری متعلقہ ایس ڈی پی اوز کوبھجوانے کا حکم دے رکھا ہے۔