دیور نےبھابھی پر وحشیانہ تشدد کیوں کیا؟ملزم نے سب بتادیا

24 Oct, 2020 | 11:36 AM

M .SAJID .KHAN

(عرفان ملک)خواتین پر ظلم و تشدد معاشرتی برائی اور قانوناً جرم ہے، ہوس، زیادتی کا شکار مظلوم خواتین معاشرے میں ذلت وخواری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، گھریلو مسائل کا بھی اس معاملہ میں بڑا عمل دخل ہے، آئے روز حوا کی بیٹیوں پر ظلم  وزیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے افسوسناک واقعہ رونماں ہورہے ہیں، ایک ایسا ہی واقعہ منظر عام پر آیا جہاں دیور نے بھابھی پر تشدد کی انتہا کردی۔

تفصیلات کے مطابق تشدد کا یہ واقعہ گزشتہ روز لاہور کے علاقہ نشترکالونی میں پیش آیا، دیور نے بھابھی کو اس قدر مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ ہسپتال پہنچ گئی، پولیس نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بدبخت انسان کو گرفتار کرلیا،دوران حراست ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ بھابھی اکثر بھائی کے ساتھ لڑتی رہتی تھی جس کا اسے رنج تھا۔

پولیس نے معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے بتایا کہ عمیرا بی بی کا اپنے شوہر کاظم کے ساتھ اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس کا ملزم کو رنج تھا ۔ ملزم نے اپنے بھائی کی غیر موجودگی میں اپنی بھابی کو ڈنڈوں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔وحشیانہ تشدد کی وجہ سے عمیرا بی بی کے ایک پھیپھڑے کو بھی نقصان پہنچاتھا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں نشتر کالونی تھانے میں درج کیا گیا تھا،ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ نے گرفتار کر لیاہے۔

واضح رہے کہ صنف نازک پر گھریلو تشدد اور ظلم و ستم ہمارے معاشرے کا انتہائی دردناک المیہ ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں خواتین پر تشدد کے واقعات روز بہ روز بڑھ رہے ہیں۔عورت جو ماں ہے، بہن ہے، بیوی ہے اور بیٹی ہے، اس کے باوجود عورت کو پرانے اور بے بنیاد نظریات کی بناہ پر ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

آئے روز حوا کی بیٹی کہیں درندوں کے ہاتھوں تشدد، کہیں ظلم و ستم کا شکار، تو کہیں اس پر ناجائز تعلقات کے الزام عائد کرکے ایسے قتل کردیا جاتا ہے جس سے روح تک کانپ اٹھتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لئے مجرموں کو سرعام عبرتناک سزائیں دی جائیں۔

مزیدخبریں