سیشن کورٹ کا چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

24 Oct, 2020 | 05:00 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) سیشن کورٹ لاہور نے چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا، عدالت کی جانب سے ڈیفنس اے پولیس کو ملزم ملک محمد نواز کیخلاف فوری مقدمہ درج کرنے اور ایف آئی آر میں امانت میں خیانت اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

ایڈیشنل سیشن جج لاہور عابد رضا خان نے شہری چودھری محمد عمر کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا، تحریری حکم کے مطابق شکایات آفیسر نے فریقین میں راضی نامہ ہونے کا بیان دیا، درخواستگزار کے وکیل ملک سرور نے ملزم سے راضی نامہ ہونے کے بیان کی سختی سے تردید کی۔درخواستگزار کے مطابق پولیس مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے.

درخواستگزار نے ملزم ملک محمد نواز خان کی طرف سے جاری 1 کروڑ 20 لاکھ کے چیک کی رسیدیں پیش کیں، عدالت میں پیش کئے گئے شواہد چیئرمین وزیراعلی شکایت سیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے متقاضی ہیں۔

 درخواستگزار کے مطابق چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل لاہور ڈویژن ملک محمد نواز اعوان نے 2014ء میں رقم اُدھارلی تھی، ایک کروڑ 20 روپے کی رقم ملزم محمد نواز اعوان نے بینک اکائونٹ میں جمع کروائی تھی، ادھار لی گئی رقم کی واپسی کا تقاضا کرنے پرملزم نواز نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

 درخواستگزار کا مزید کہنا تھاکہ ڈیفنس اے پولیس بااثر ملزم چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل کیخلاف مقدمہ درج نہیں کر رہی.درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ پولیس کو ملزم محمد نواز اعوان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزیدخبریں