(سٹی 42) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس، بورڈ نے متعدد افسران کی گریڈ 22 میں ترقیوں کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری دی گئی۔ واجد ضیاء کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان سے ہے جبکہ کسٹم گروپ کے مجتبٰی میمن اور عبدالرشید شیخ کو گریڈ 22 پر تعینات کردیا گیا۔ فارن سروس کے چار افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری دی گئی جس میں اسد مجید، ظہیر جنجوعہ، صفدر حیات اور خالد حسین میمن شامل ہیں۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے شہزاد بنگش، کاظم نیاز کی ترقی کی منظوری دے دی گئی جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ذوالفقار حیدر، عشرت علی، فرحان عزیز خواجہ اور افتخار شلوانی کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ہر کیڈر کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری شریک ہوئے جبکہ ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے اپنے کیڈر افسران کی گریڈ 22 میں ترقیوں کے کیس پیش کیے۔