(شاہین عتیق) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ساہیوال کیس کا فیصلہ سناد یا، مقتولین کے ورثاء کے ملزمان کو شناخت کرنے سے انکار پر سی ٹی ڈی کے 6 اہلکاروں کو بری کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر کیس ساہیوال عدالت سے لاہورمنتقل کیا گیا تھا، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں آج کیس کی سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے ٹرائل مکمل کرتے ہوئے کیس میں نامزد سی ٹی ڈی کے چھ اہلکاروں کو بری کر دیا، عدالت میں مقتولین کے ورثا نے ملزمان کوشناخت کرنے سے انکار کردیا تھا، مقتولین کے ورثا نے عدالت میں بیان دیا تھاکہ وہ ملزمان کو نہیں جانتے۔
بری ہونیوالے سی ٹی ڈی اہلکاروں میں صفدر، رمضان، ناصر سمیت دیگر شامل ہیں، ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے ساہیوال موٹر وے پر گاڑی میں جاتے ہوئے عبدالخالق اور اس کے اہلخانہ کو دہشتگرد سمجھ کر گولیوں کا نشانہ بنا دیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال 19 جنوری کو سی ٹی ڈی کی جانب سے ساہیوال جی ٹی روڈ پر اڈا قادر کے علاقہ میں فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ گاڑی میں سوار 3 بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔