عمران یونس: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی دودھ کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاہور اور ساہیوال سے جعلی دودھ کی بڑی سپلائی پکڑ لی گئی، گاڑیوں میں بھرا 17 ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی زیرنگرانی فوڈ ٹیموں نے لاہورمیں فیض گنج انڈر پاس سے 3 اورعارف والہ سے 2 گاڑیاں قبضہ میں لیں، پی ایف اے نے 4 ملزم گرفتار کر کے تمام دودھ تلف کر دیا، فیض گنج انڈر پاس لاہور سے 3 گاڑیوں میں موجود 10 ہزار دو سو لیٹر کیمیکل زدہ دودھ بھی پکڑا گیا جو مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جاتا تھا، مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ 2 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ساہیوال کےعلاقہ عارف والہ میں بھی 6 ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ پکڑا گیا ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حسنین عمر آئس فیکٹری پر چھاپہ مار کر جعلی دودھ برآمد کیا، دو گاڑیوں میں بھرا 6 ہزار لیٹر ملاوٹ زدہ دودھ، 2 ڈرم کیمیکل اور بناسپتی گھی تلف کردیا گیا۔
ملاوٹ زدہ دودھ کو فریز کر کےعارف والہ سے لاہور لایا جاتا تھا، آئس فیکٹری سیل کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، جب کہ ٹرک ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا، کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ناقص دودھ کے خاتمے کے لیے آپریشنز کے ساتھ موثر اور دیرپا منصوبہ سازی کر رہے ہیں۔