(زاہد چودھری) مریضوں کی شکایات کا ازالہ کرنےکی بجائے ٹیچنگ ہسپتالوں کی طرف سے فرضی ڈیٹا دینے کا انکشاف، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے نوٹس لے لیا۔ اب ہرہسپتال کا فوکل پرسن خود شکایت کنندہ سے رابطہ کرکے مسئلہ حل کروائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے شکایات کیلئے 99000-0800 ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کی گئی تھی۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن پرموصول ہونے والی شکایات دور کرنے کی بجائے ٹیچنگ ہسپتالوں کی جانب سے فوری داد رسی کی فرضی رپورٹ محکمہ کوبھجوادی گئی۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ایمرجنسی ہیلپ لائن سے متعلق نئی گائیڈ لائنزجاری کردی ہیں۔ ہرٹیچنگ ہسپتال کا فوکل پرسن شکایت کنندہ سے خود رابطہ کرے گا اورداد رسی کا ذمہ دار ہو گا۔ نئی گائیڈ لائنزمیں ٹیچنگ ہسپتالوں کومتنبہ کیا گیا ہے کہ اب ایمرجنسی ہیلپ لائن پرموصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے حوالے سے کارکردگی کا ہرماہ آڈٹ بھی ہوگا۔
ٹیچنگ ہسپتالوں کو ایمرجنسی ہیلپ لائن سے متعلق آگاہی کیلئے بینرز بھی آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔