سٹی42: راولپنڈی اور اسلام آباد مین قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی تی آئی کے مقامی کارکنوں کے جمع ہونے کی کوششین لاٹھی چارج کر کے ناکام بنا دیں۔ فیض آباد آئی جے پی روڈ پر لاٹھی چارج، 60 کارکن گرفتار کر لئے۔ اسلام آباد میں جناح ایوینیو پر پی ٹی آئی کے سو سے زیادہ کارکنوں اور حامیوں نے جمع ہو کر احتجاج کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کر دیا۔ اس جگہ موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ لاٹھی چارج ہونے کے بعد اس جگہ موجود تمام کارکن پیچھے ہٹ گئے، اب یہاں کوئی لوگ نظر نہیں آ رہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار خیبر پختونخوا سے آنے والے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے قافلے کے موٹر وے پر پنجاب کی حدود میں آنے کے بعد مقامی شر پسندی کو روکنے کے لئے الرٹ ہو گئے ہیں۔ چھبیس نمبر چُنگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل کر دی گئی ہے اور وہاں رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند کر دی گئی ہے۔
ایکسپریس وے بھی کھنہ پل کے مقام پر دونوں طرف سے بند کر دی گئی ہے۔ کھنہ پل پر رکھے گئے ایک کنٹینر میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔ ائیر پورٹ جانے والے راستے پر بھی کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں جبکہ فیض آباد سے اسلام آباد کا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے فیض آباد آئی جے پی روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا اور 60 کے قریب کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جے پی روڈ پر پی ٹی آئی کے 100 سے 150 کارکن موجود تھے جنہیں منشتر کیا گیا۔