ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے حکومتی رکاوٹوں کے باوجود لاہور اور پنجاب کے لیے احتجاجی پلان تبدیل کردیا۔
24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف فائنل مارچ کے دوران حکومت کی طرف سے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف لاہور کی قیادت نے لاہور کے بتی چوک پر احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی لاہور ذرائع کے کا کہنا ہے کہ اس احتجاج کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق اس وقت پنجاب کے تمام اضلاع میں اپنے اپنے شہروں میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ اگر حکومت نے راستے کھولنے کا فیصلہ کیا تو پھر پی ٹی آئی کے کارکنان اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے کارکنان ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر احتجاج کریں گے اور اگر حکومت نے دھرنے کی اجازت دی تو یہ دھرنا غیر معینہ مدت کیلئے جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ مرکزی قیادت کی طرف سے یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی ایجنڈے کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کیا گیا ہے تاکہ حکومت پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی منصوبے کی اہمیت اس بات سے بھی واضح ہوتی ہے کہ پارٹی نے اسلام آباد کے راستوں کی بندش کے باوجود اپنی حکمت عملی کو تبدیل کر لیا ہے اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں احتجاج کے ذریعے عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ حکمت عملی حکومتی رکاوٹوں کو نظرانداز کرتے ہوئے تحریک انصاف کی جانب سے عوامی حمایت کو بڑھانے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے۔