برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے بادشاہ چارلس سوم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں

24 Nov, 2023 | 05:39 PM

اویس کیانی: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کواپنی سفارتی اسناد پیش کر دی ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے برطانوی بادشاہ کو سفارتی اسناد پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز بکنگھم پیلس میں ہوا، پاکستانی ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کو شاہی گھوڑا گاڑی میں خصوصی پروٹوکول کے ذریعے پاکستان سفارتخانے سے بکنگھم پیلس لے جایا گیا۔

کنگ چارلس سوئم نے پاکستانی ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کا بکنگھم پیلس میں خیر مقدم کیا، کنگ چارلس سوئم نے ڈاکٹر محمد فیصل کی سفارتی اسناد کو برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کیلئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پرقبول کیا۔

اس موقع پر ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے کنگ چارلس سوئم اور برطانوی عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، پاکستان ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔

برطانوی کنگ نے تقریب کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

مزیدخبریں