کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت، ہزاروں مقدمات درج

24 Nov, 2023 | 12:39 PM

ویب ڈیسک:سی ٹی او لاہور حادثات کے سدباب اور ننھی جانوں کے تحفظ کیلئے پرعزم، کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کےخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری،  کم عمر ڈرائیونگ پر 4054، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 2646 مقدمات درج کردیے گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے 11روز میں 4054 مقدمات درج کرکے گاڑیاں تھانوں میں بند کردیں۔ 6 روز میں بغیر لائسنس 2646 ڈرائیورز کےخلاف مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے بغیر لائسنس کار ڈرائیونگ پر 1080 ،موٹرسائیکل چلانے پر 1566 مقدمات درج کیے گئے۔ شہر کے پوش علاقوں میں 190 مقامات پر خصوصی ناکہ جات قائم کردیے گئے۔ 
سی ٹی او لاہور  مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو یقینی بنائیں، والدین 18 سال سے کم عمر بچوں کو ہرگز گاڑی،موٹرسائیکل نہ چلانے دیں، 
والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں۔ 

دوسری جانب چونیاں میں بھی ہائیکورٹ لاہور اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے حکم پر کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ 
 تحصیل بھر میں گزشتہ پانچ روز میں ساڑھے چار سو کے قریب کم عمر ڈرائیوروں اور طلبہ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ترجمان قصور پولیس کے مطابق ساڑھے چار سو کے قریب کم عمر بچوں کو تحصیل کورٹس میں پیش کر دیا گیا۔ 
واضح رہے کہ دیہات سے شہروں میں موٹر سائیکلوں پر حصول تعلیم کے لئے آنے والے بچے اور ان کے والدین انتہائی پریشان ہیں۔ 

مزیدخبریں