ویب ڈیسک: نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہم نجکاری پر فوکس کر رہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری پہلی ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے ’بریک فاسٹ ود پی ایم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے 10 سال میں 10 لاکھ نرسز کو تریبت دینے کا پروگرام ہے، گزشتہ 5 سے 6 دہائیوں میں لوگ یورپ گئے اور وہاں سیٹل ہوئے۔
نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی میں سول اور ملٹری قیادت کے لوگ ہیں، ہم نہ صرف خطے بلکہ خطے سے باہر سے بھی سرمایہ کاری پاکستان لانا چاہتے ہیں، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے مختلف ٹریننگ پروگرامز کا آغاز کر رہے ہیں۔ جب ہم بچے تھے تو صبح اٹھتے ہی اخبار پڑھتے تھے مگر اب سب سے پہلے سوشل میڈیا دیکھتے ہیں، پاکستان کا میڈیا آزاد اور خود مختار ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور اصلاحات پر کام جاری ہے، بیرونی سرمایہ کار زراعت اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔