مال روڈ (سعود بٹ) پنجاب حکومت کی طرف سے کورونا سے بچاؤ کیلئے مہنگے آلات خریدنے کا انکشاف، نیب نے محکمہ صحت سے قرنطینہ اور کورونا فنڈز مراکز میں خریداری کی تفصیلات طلب کرلیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ہیلتھ آفس نے 3 ارب 6 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزارروپے کی اشیاء خریدنے کی منظوری دی، کورونا سامان کی خریداری سمیت دیگر میں کرپشن کی شکایات موصول ہوئیں، کورونا سے بچنے کیلئے سرجیکل ماسک 22 روپے کا خریدنے کی منظوری دی گئی، 15 لاکھ سرجیکل ماسک 3 کروڑ 30 لاکھ روپے میں خریدنے کی منظوری دی گئی۔
دستاویزات کے مطابق 22 روپے میں خریدا جانے والا سرجیکل ماسک مارکیٹ میں 3 سے 5 روپے میں دستیاب تھے،این 95 ماسک 650 روپے کا خریدا گیا، 3 لاکھ ماسک کی خریداری پر 19 کروڑ خرچ کیے گئے، 560 روپے میں این 95 خریدے جانے والا ماسک 400 روپے تک فروخت ہوا، ڈی جی آفس نے 15 ہزار لانگ شوز 3 کروڑ میں خریدے، ایک عدد 2 ہزار میں پڑا۔
دستاویزات کے مطابق ڈاکٹرز کو مہیا کی جانے والی 10 ہزار گوگلز 6 کروڑ میں خریدی گئیں، محکمہ صحت کو فی عدد گوگل 600 روپے میں خریدنے کی منظوری دی گئی، لیکوئڈ ہینڈ سوپ 1000 ایم ایل تک کی بوتل 15 سو میں خریدی گئی، گلوز کی ایک جوڑی 16 روپے کی پڑی، 15 لاکھ گلوز 2 کروڑ 40 لاکھ روپے میں خریدے گئے، ڈاکٹرز کو مہیا کی جانے والی فیس شیلڈ 1500 روپے میں خریدی گئیں۔
واضح رہےکہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں کورونا کے 49 نئے مریض اور 13 اموات کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے بعد پنجاب بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 114508 ہوگئی، جن میں سے 56739 کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں۔