چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو دنیا چھوڑے 37 برس بیت گئے

24 Nov, 2020 | 11:52 AM

Sughra Afzal

ایبٹ روڈ (زین مدنی) پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہری دور کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو دنیا چھوڑے37برس بیت گئے۔

 تفصیلات کے مطابق فلم انڈسٹری کے نامور فلمی اداکار' پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر وحید مراد کی (آج) 37ویں برسی منائی جارہی ہے، وحید مراد پاکستانی فلم انڈسٹری میں اپنی خوبصورت شخصیت، بھرپور آواز اور صلاحیتوں کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتے ہیں، اداکاری میں رومانوی اسٹائل نے انہیں ملک کے فلم بینوں اورنوجوان طبقے کا سب سے زیادہ پسندیدہ ہیرو بنا دیا۔ 

وحید مراد دو اکتوبر1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کی تہلکہ خیز فلم ارمان نے برصغیر کی فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا، انہیں 1964 میں ہیرا اور پتھر، ارمان (1966)، عندلیب (1969)اور مستانہ ماہی (1971)میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ جبکہ 2002 میں لائف ٹائم لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔وحید مراد کے فلمی عروج و زوال کو ہالی ووڈ اداکار ایلوس پریسلے سے تشبیہ دی جاتی ہے۔ جنھوں نے طویل شہرت کے بعد اچانک زوال کا منہ دیکھا۔

1980 میں وحید مراد ایک حادثے کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے ان کا چہرہ شدید زخمی ہوگیا اور پلاسٹک سرجری کرانا پڑی اور 23 نومبر 1983 کو صرف 45 برس کی عمر میں فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ خالق حقیقی سے جا ملے، وحید مراد کی وفات کے ستائیس سال بعد نومبر2010 میں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

وحید مراد کی ایک خاص بات جو انھیں دیگر اداکاروں سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ انتقال کو تین دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی وہ اپنے مداحوں کے دل ودماغ میں بسے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں