سٹی42: سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ حکومت کو مالی بحران سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، عام آدمی اور کارکنوں کو حکومت سے وابستہ تمام توقعات پوری کریں گے۔
سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے نوے شاہراہ قائداعظم پر شیخوپورہ کی اہم شخصیات نے صوبائی وزیر میاں خالد محمود کی قیادت میں ملاقات کی اور نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں متعارف کرایا جانے والا نیا بلدیاتی نظام بلا شبہ فعال اور منتخب نمائندوں کو مکمل طور پر مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے بااختیار کرنے والا نظام ہوگا۔
شہروں میں نیبر ہڈ کونسلز اور ہر گاؤں میں پنچایت سسٹم اور ویلج کونسل بنے گی جبکہ جتنے گاؤں اتنے نمائندے کے اصول پر ہرگاؤں میں پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا 30فیصد ترقیاتی بجٹ کے طور پر دیا جائے گا۔ اسی طرح پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام عام شہریوں کیلئے نئی ترقی کی نوید لائے گا جس میں تین کی بجائے دوجہتی نظام متعارف کرایا جائے گا۔