جنید ریاض: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سرکاری سکولوں کا نظام سنبھالنے میں بھی ناکام، سکولوں میں ٹیچنگ، نان ٹیچنگ سٹاف اور طلباء کی مسلسل غیرحاضریوں میں 20 فیصد تک اضافہ، مانیٹرنگ ٹیموں نے غیر حاضریوں کی رپورٹ محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھیج دی۔
رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مدرستہ البنات میں طلباء کی حاضری صرف 63 فیصد رہ گئی، مدرستہ البنات کی ٹیچر وجہیہ قاسم دسمبر 2017 سے غیرحاضر ہے جب کہ ہیڈ مسٹریس شاہدہ رحمت مانیٹرنگ ٹیم کے وزٹ پر خود بھی غیرحاضر تھیں۔
اسی طرح گورنمنٹ سینٹ فرانسسز ہائی سکول نیو انارکلی میں طلباء کی حاضری 41 فیصد رہ گئی، مانیٹرنگ ٹیم کے وزٹ کے دوران سکول ٹیچرغلام قادر، محمد اکرم، اللہ بخش اور سجاد احمد غیر حاضر پائے گئے۔
سی ڈی جی گرلز ہائی سکول پیسہ اخبار میں طالبات کی حاضری 72 فیصد رہ گئی ہے اور ٹیچرعابدہ حفیظ اور اقصی بتول غیر حاضر پائی گئیں۔ گورنمنٹ گرلزہائی سکول ہیئر کے جونیئر کلرک شاہد رشید مہینوں سے غیر حاضر ہے، جونیئر کلرک سے سکول ہیڈ مسٹریس روبینہ اکبر گھر کے کام کراتی ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی پر مذکورہ سٹاف کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔