جمال الدین: سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کی سیشن عدالت میں پیشی، عدالت نے عابد باکسر کی قبل از گرفتاری ضمانت میں یکم دسمبر تک توسیع کردی، ان کا کہنا ہے اب صرف چار مقدمات باقی رہ گئے ہیں، مقدمات ختم ہوگئے بے گناہی ثابت ہو رہی ہے جس نے مجھ پر مقدمات بنوائے وہ اب زیر حراست ہیں اور میں آزاد ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سابق انسپکٹر عابد باکسر اپنے وکلاء کے ساتھ سیشن عدالت میں پیشں ہوئے، ایڈیشنل سیشن جج جاوید اشرف نے مقدمات کی سماعت کی، عدالت نے عابد باکسر کی قبل از گرفتاری ضمانت میں یکم دسمبر تک توسیع کردی۔
عابد باکسر کے خلاف اب صرف چار مقدمات باقی رہ گئے ہیں، 6 مقدمات میں پولیس نے ان کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے عابد باکسر کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کی ہوئی ہے، عابد باکسر پر قتل، اقدام قتل، اغواء، جعل سازی اور فراڈ کے مقدمات تھے۔ عدالت نے تھانہ نصیر آباد اور قلعہ گوجر سنگھ کی پولیس سے مقدمات بارے آئندہ تاریخ تک تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
عابد باکسر کے خلاف مون لائٹ سینما کی مالک نورین شریف اور مصطفی فردوسی سمیت دیگر شہریوں نے مقدمات درج کرائے، عابد باکسر پر مون لائٹ سینما پر قبضہ کرنے اور سینما مالک کو قتل کرنے کا الزام بھی ہے جب کہ عابد باکسر کا کہنا ہے میں بے گناہ ہوں میری بے گناہی ثابت ہو رہی ہے جس نے مجھ پر مقدمات بنوائے وہ زیر حراست ہے اور میں باہر ہوں۔
6 مقدمات میں بے گناہ قرار ہوچکا ہوں باقی بھی ختم ہو جائیں گے، مقدمات میں تفتیش کے لیے پولیس افسران کا بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے۔