(عمران یونس) لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام کیلئے خوشخبری، حکومت نے پنجاب کےبڑے شہروں میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے ایوان وزیر اعلیٰ میں چینی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں چینی کمپنی نے حکومت پنجاب کو کوڑا کرکٹ خریدنے کی پیشکش کی۔ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب حکومت کی زیرو انویسٹمنٹ کے ساتھ چین پنجاب بھر میں سرمایہ کاری کرے گا۔
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کی بجائے اس سے بجلی حاصل کریں گے، اس منصوبے سے اراضی کے نقصان اور پانی کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے گا۔لاہور شہر کے کوڑا کرکٹ سے 35 میگا واٹ بجلی کا منصوبہ شروع ہو گا جبکہ فیصل آباد اور راولپنڈی میں 30 میگا واٹ کے منصوبے شروع ہونگے۔