پنجاب کابینہ نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی

24 May, 2024 | 06:06 PM


سٹی42: پنجاب کی کابینہ نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ پھیلانے  پر عمران خان نیازی اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی  منظوری دے دی۔  کابینہ نے سرگودھا سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی بنانے کے ساتھ کئی اہم تقرریوں کی بھی منظوری دی۔ 

  پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8واں اجلاس جمعہ کے روز لاہور میں ہوا۔

کابینہ کو  کمشنر راولپنڈی کی کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی جس میں تصدیق کی گئی تھی کہ اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان نے میڈیا کے نمائندوں کے سامنے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے والی باتیں کی تھیں۔ صوبائی کابینہ نے اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ عمران خان کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ پھیلانے  پر عمران خان نیازی اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کرنا ضروری ہے۔ کابینہ نے پی ٹی آئی کے بانی اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی منظوری دی۔ 

صوبائی کابینہ نے  پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر  احمد علی خان کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔  کابینہ نے بورڈ آف راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دو ٹیکنیکل ایکسپرٹس طاہر مسعود اور شیخ محمد محمودکی نامزدگی کی منظوری دی۔ صوبائی کابینہ نے پامکو(PAMCO)ااور ایرانی کمپنی ایم ایم آئی سی کیساتھ سیٹلمنٹ کی منظوری  دی۔

پنجاب کابینہ نے 12 رکنی کابینہ سٹینڈ نگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو کی منظوری  بھی دی۔

پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کےلئے  اسد اللہ کو  چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔  پنجاب کابینہ نے آج کے اجلاس میں سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی۔

کابینہ کے اجلاس میں پنجاب انوائرمنٹ انڈوومنٹ فنڈ کے لئے کمپنیز ایکٹ2017کے تحت کمپنی قائم کرنے   کی منظوری بھی دی گئی۔
دوران ملازمت وفات پانے والےپی ایس پی  پولیس افسران کے اہل خانہ کے لئے مالی امدادکی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب فرنزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لیے ڈاکڑ امجد کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔   پنجاب ایگریکلچر فود اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لیے ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ 

اجلاس میں صوبائی وزرا، ،چیف سیکرٹری،آئی جی اور متعلقہ سیکریٹریز  بھی شریک ہوئے۔ 

مزیدخبریں