ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم شہدا پر ارض وطن کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے شہیدوں کے مزاروں پر فاتحہ پڑھنے ضرور جائیں اور ان کی یادگاروں پر پھول نچھاور کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر یوم شہدا کے موقع پر پاکستانی قوم کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء اور غازیان وطن کو سلام عقیدت پیش کرنے کےلئے "یوم تکریم شہداء پاکستان" کل منایا جارہاہے۔ قوم کا بچہ بچہ کل قومی جذبے سے سر شار ہوکر گھروں سے نکلے، شہدا کے مزارات، یادگاروں پر حاضر ہوکر پھول نچھاور کریں، فاتحہ خوانی کریں۔دنیا کو دکھادیں کہ ہم اپنے شہدا سے محبت اور احترام کرنے والی قوم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بدھ کی شام اسلام آباد میں کنونشن سنٹر میں یوم شہدا کے حوالہ سے خصوصی شہدا کنونشن کا انعقاد کیا۔ اس کنونشن میں سکیورٹی فورسز کے اور بہت سے سویلین شہدا کے اہل خانہ کو مدعو کیا گیا تھا، وزیر اعظم اور پوری حکومت کافی وقت شہدا کے ورثا کے ساتھ کنونشن ہال میں موجود رہے۔ اس دوران وزیر اعظم نے کئی شہیدوں کی ماوں سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات بھی کی۔