زین مدنی: پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہری دور کے لازوال کردار سعید خان المعروف ’’رنگیلا‘‘ کو مداحوں سے بچھڑے سولہ برس بیت گئے، عظیم فنکار اپنی مخصوص مزاحیہ اداکاری سے دیکھنے والوں کو ہنسی سے لوٹ پوٹ کردیتے تھے.
انیس سو سینتیس میں افغانستان میں پیدا ہونے والے سعید خان عرف رنگیلا نے مختلف پیشے اختیار کئے۔ فلمی سائن بورڈ بناتے بناتے انہوں نے خود ہی اداکار بننے کی ٹھان لی۔ انیس سو اٹھاون میں فلم جٹی میں پہلی بار اداکاری کی اور فلم ہٹ ہوگئی۔ رنگیلا نے دل اور دنیا، میری زندگی ہے نغمہ، رنگیلا اور باغی قیدی جیسی کامیاب فلموں کے لئے بہترین کامیڈین، بہترین مصنف اور بہترین ڈائریکٹر کی حیثیت سے مختلف ادوار میں نو مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا۔
سعید خان المعروف رنگیلا کو دو ہزار چار میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ رنگیلا کو گردوں، جگر اور پھیپھڑوں کا عارضہ لاحق تھا،جس کے باعث یہ عظیم فنکار 24 مئی 2005ء کو خالق حقیقی سے جا ملا۔