(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو عدالتی ثمن جاری ہونے کے بعد راکھی ساونت سلو میاں کے دفاع میں میدان میں آگئیں اور کہا کہ سلمان خان بھی انسان ہیں انہیں بھی غصہ آسکتا ہے۔
گزشتہ روز سلمان خان کو صحافی کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر ممبئی کی مجسٹریٹ کورٹ کی جانب سے ثمن جاری ہوئے اور انہیں 5 اپریل کوعدالت طلب کیا گیا۔ سلمان خان پر انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اداکارہ راکھی ساونت نے حال ہی میں سلمان خان کو عدالتی ثمن جاری ہونے پر اداکار کے حق میں بیان دیا ہے کہ سلمان خان بھی انسان ہیں اور کبھی کبھار انہیں غصہ بھی آجاتا ہے۔
میرے خیال میں ان کے پاس سب کچھ ہے لیکن ایک وقت میں انہوں نے نقصان بھی اٹھایا۔راکھی نے کہا اگر آپ سلمان خان کی دکھتی رگ دبائیں گے تو انہیں غصہ آئےگا وہ انسان ہیں۔
اگر کوئی ان سے غلط سوال پوچھے گا تو وہ ناراض ہوسکتے ہیں اور غصے میں کچھ کہہ سکتے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کسی کو ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنا چاہئے۔راکھی ساونت نے کہا دیکھیں کوئی بھی میڈیا برا نہیں ہوتا لیکن جب آپ ایک بڑے سٹار بن جاتے ہیں تو کچھ سوالات آپ کو دکھ پہنچاتے ہیں۔ سلمان خان کی فلمیں سپر ہٹ ہیں، ان کے کروڑوں مداح ہیں لیکن کہیں نہ کہیں انہیں زندگی کی خوشیاں تو نہیں ملیں۔