ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے میں دباؤ میں آجاؤں گا۔ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور ارکان سے ہونے والے رابطوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے قانونی ٹیم نے بھی ملاقات کی اور اہم امور پر عمران خان کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے میں دباؤ میں آجاؤں گا۔ 27 مارچ کو عوام بتا دیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔ ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 مارچ کے جلسہ کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، جس کے تحت پارٹی سینئر قیادت اپنے علاقوں سے ریلیوں کی قیادت کریں گے۔ حماد اظہر لاہور سے پرویز خٹک پشاور سے، شیخ رشید اور عامر کیانی راولپنڈی سے، فواد چودھری جہلم اور مراد سعید سوات سے، فرخ حبیب فیصل آباد سے جبکہ علی زیدی سندھ سے ریلی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے پارٹی کی سینئر قیادت کو جلسہ کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپے ہیں ۔کارکنوں کو جلسہ گاہ آنے کا وقت 3 بجے کا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم نے حماد اظہر کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے، اور ہدایت دی ہے کہ حماد اظہر مصروفیات ترک کرکے لاہور پہنچیں، اور لاہور سے تحریک انصاف کی ریلی کی قیادت کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 27 مارچ کو ٹھوکر نیاز بیگ سے تحریک انصاف کی ریلی کی قیادت کریں گے، اور لاہور میں پارٹی ورکرز کو بھی متحرک کریں گے، وہ آج رات لاہور پہنچیں گے۔