سٹی42: سکولوں کی بندش پر آل پرائیوٹ سکولز فیڈریشن کی جانب سے اعلامیہ جاری، تعلیمی ادارے کھلے رکھیں گے ، ڈبل شفٹ میں50فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز میں تدریس کا عمل جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن(این سی او سی) کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلے پر آل پرائیوٹ سکولز فیڈریشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ صد ر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ ہم سکولز بند نہیں کریںگے ،تادیبی کارروائیاں بند کی جائیں ورنہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ ہوگا۔
کاشف مرزا نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھلے رکھیں گے ، ڈبل شفٹ میں50فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز میں تدریس کا عمل جاری رہے گا، حکومت طلبا ،اساتذہ وسٹاف کی ویکسی نیشن کرنے کے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کرے۔حکومتی و سیاسی اجتماعات کورونا پھیلاﺅ کی اصل وجہ ہیں انہیں فوری طور پربند کیا جانا چاہئے۔
واضح رہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش پر والدین اور بچوں نے بھی حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے والدین کا موقف ہے سب مارکیٹ اور بازار کھلے ہیں کیا کورونا صرف سکول میں ہے، تعلیمی ادارے فی الفور کھولے جائیں۔