علی ظفر نے اپنی زندگی پر ڈاکومنٹری ریلیز کردی

24 Mar, 2021 | 11:57 AM

Sughra Afzal

ٹاؤن شپ (زین مدنی) عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے تمغہ حسن کارکردگی ملنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ اپنی فنی زندگی پر مبنیٰ ایک ڈاکومنٹری "ایک سفر" ریلیز کردی۔

معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کو ان کی فنی خدمات کے پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دیا گیا ہے جس پر انہوں نے اپنے مداحوں دوستوں اور فیملی ممبرز کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے اپنے فنی سفر پر مبنیٰ ایک ڈاکومنٹری "بی کمنگ علی ظفر دی جرنی" ریلیز کی ہے جس میں ان کے فنی کیرئیر میں آنے والے واقعات پرفارمنس، شوز، انٹرویوز ، فلم شوٹنگز کے سین سمیت تمام وہ باتیں شامل ہیں جن پر عمل کرکے علی ظفر یہاں تک پہنچے۔

علی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان نسل کے لئے ایسا کام کرنا چاہتے ہیں جو اصلاح سے بھرپور ہو۔

  یاد رہےکہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے پاکستانی اداکارہ اور ڈائریکٹر ثمینہ پیرزادہ کی طرف سے ہدایت کردہ فلم شرارت میں گیت جگنوؤں سے بھر لو آنچل کے ساتھ اپنے گانے کے کیریئر کا آغاز کیا لیکن دنیا بھر میں گانے چھنو کی بدولت مشہور ہوئے اور پھر سیٹی بجے گی سے لے کر ایک قوم ایک منزل تک، علی ظفر کے ہر گیت نے میلہ لوٹ لیا۔

علی ظفر نے پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی اپنی گلوکاری اور اداکاری کا لوہا منوایا، بھارت میں تیرے بن لادن، میرے برادر کی دلہن، کِل دل، ٹوٹل سیاپا، لندن پیریس نیویارک، چشمِ بدور اور ڈیر زندگی جیسی بڑی فلموں میں نمایاں اور یادگار رولز کیے اور پھر پاکستانی سینما کی سب سے بڑی فلم طیفا ان ٹربل بنائی جس نے ملک بھر میں ریکارڈ بزنس کیا۔

علی ظفر نے کورونا وائرس کے دوران قومی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، لاک ڈاؤن کے دوران علی ظفر فاؤنڈیشن نے 11 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جبکہ 850 موسیقاروں اور ٹرانسجینڈرز کو مالی مدد فراہم کی علی ظفر فاونڈیشن غریب طالبات کو تعلیمی وظائف بھی دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ تمغہ حسن کارکردگی  ایک شہری اعزاز ہے جو  حکومت پاکستان کی طرف سے ادب، فنون، کھیل، طب، سائنس اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ کاردکرگی دکھانے والوں کو سال میں ایک دفعہ دیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں