(شہزاد خان) شہر کی تاجر برادری نے پنجاب حکومت کی طرف سے دو ہفتے کے لاک ڈاﺅن کے فیصلے کی حمایت کردی جبکہ شہر بھر کی مارکیٹوں کے تاجروں نے ڈیلی ویجز ملازمین کو دوہفتے کا راشن یا مساوی رقوم دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تاجر رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ تاجر اپنے ڈیلی ویجز ملازمین کا خیال رکھیں تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے،تاجررہنماﺅں اور صنعتی زونز کے سینئر قائدین عامر صدیق چودھری، افتخار علی ملک،عتیق الرحمن، بابر علی خان،ملک امانت، جاوید بھٹی سمیت سینکڑوں کاروباری شخصیات کا کہنا ہے کہ مخیر بزنس کمیونٹی ڈیلی ویجز ملازمین کو راشن یا رقوم ضرور دیں تاکہ لاک ڈاﺅن کے دوران کوئی بھوکا نہ رہے۔
شہر کی بزنس کمیونٹی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاﺅن کرکے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے مگر لاک ڈاﺅن کے دوران مستحقین کا خیال رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 192 ممالک میں پھیل چکی ہے،پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، وائر س سے ایک اور مریض جاں بحق، ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد 7 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 864 ہوگئی، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر کو دو ہفتوں کیلئےلاک ڈاؤن کردیا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں۔