مسلم ٹاﺅن (عمران یونس) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 192 ممالک میں پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، وائر س سے ایک اور مریض جاں بحق، ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد چھ جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 864 ہوگئی، سندھ میں 394، پنجاب میں 242، بلوچستان میں 110 مریض، خیبرپختونخوا میں 31، گلگت بلتستان میں 71، اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پنجاب حکومت کیساتھ کئی ادارے بھی متحرک ہیں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملاقات نہیں صرف کال، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے رابطہ نمبرز جاری کر دیئے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رابطہ نمبروں کے اجراء سمیت ہدایات جاری کی ہیں کہ کورونا سے بچنے کیلئے شہری غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں، ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں، شہری اور فوڈ بزنس آپریٹرز رہنمائی و شکایات کیلئے جاری کیے گئے نمبروں 04299330304 اور 04299330305 پر رابطہ کریں۔
فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ شہری ٹال فری نمبر 080080500 یا فیس بک پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں۔
شہری کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اللہ سے خیروعافیت کی دُعا کریں، بیماریوں سے پناہ مانگیں اور مندرجہ ذیل دُعا پڑھیں:
اَللّٰہُمَّ اِنّیِ اَعُُوذُبِکَ مِنَ البَرَصِ وَالجنونِ وَالجُذَامِ وَ مِن سَیِئی الا سقَام (آمین)
’’ ا ے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں برص سے، دماغی خرابی سے، کوڑھ سے اور ہر قسم کی بُری بیماریوں سے۔‘‘
جامعۃ المنتظر کے مہتم اعلیٰ مولانا سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ احتیاط کے ساتھ سورہ الکوثر اور سورہ والناس کو پڑھ کر پانی پی لیں تاکہ ہر قسم کے وائرس سے محفوظ رہ سکیں ۔