’’بلاول اور مریم دونوں لاڈلے بچوں سے سیاسی طور پر کوئی خطرہ نہیں‘‘

24 Mar, 2019 | 06:52 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( سعود بٹ ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر اغوا ہونے والی ہندو بچیوں کو گوجرانوالہ منتقل کئے جانے کی اطلاعات ہیں، وزیراعظم کے نوٹس کے بعد سندھ اور پنجاب کے آئی جی صاحبان سے رابطہ کرلیا گیا ہے، سشما سوراج اطمینان رکھیں ہمیں اپنے پرچم کا سفید رنگ عزیز ہے، کاش بھارت میں بھی اقلتیوں کو تحفظ ملتا، بلاول بھٹو اور مریم نواز دونوں لاڈلے بچوں سے سیاسی طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے دونوں ہندو بچیوں کے مبینہ اغوا پر حکومتی کاوشوں سے آگاہ کرتے کہا کہ وزیراعظم کے نوٹس پر سندھ و پنجاب کی حکومتوں سے رابطوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ دونوں صوبوں کے آئی جی صاحبان سے رابطے میں ہیں۔ ہندو بچیوں کو پہلے رحیم یارخان اور گوجرانوالہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں جلد مجرموں تک پہنچ جائیں گے۔

فواد چودھری کا بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ٹوئٹ پر کہنا تھا کہ اپنے پرچم کا سفید رنگ سبز رنگ کی طرح عزیز ہے پاکستان میں اقلتیں محفوظ ہیں، کاش بھارت میں بھی ایسا ہوتا۔ سشما سوراج بات کرنے سے پہلے گھر سے اقدامات کا آغاز کرتیں وہاں اقلتیوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن احتجاج میں آزاد ہے ہم نے کسی کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات نہیں بنائے، اگر اپوزیشن کے پاس کارکن نہیں تو ہم سے لے لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ کی دہشت گردوں کے ساتھ تصاویر بلاول دیکھ لیں تو کبھی ایسی بات نہ کرتے، صرف تصاویر کی بنیاد پر ہو تو قومی اسمبلی ہی اس کی زد میں آجائے گی، فضل الرحمن کو اسلام سے نہیں اسلام آباد سے دوری کا دکھ ہے۔

مزیدخبریں