لاہور میرا تھن نے پوری دنیا کو امن کا پیغام دیدیا

24 Mar, 2019 | 10:27 AM

Sughra Afzal
Read more!

(عرفان ملک، راﺅ دلشاد) یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی لاہور میرا تھن نے پوری دنیا کو امن کا پیغام دیدیا،ریس میں بچے بوڑھے، نوجوان ہر عمر کے مردوں اور خواتین نے بھرپور شرکت کی، ریس میں حصہ لینے والے اتھلیٹس کی تعداد 2000 سے زائد تھی، لڑکوں میں نو شیرواں جبکہ لڑکیوں میں اولمپیئن رابعہ عاشق نے میدان مار لیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مردوں کی میراتھن میں دو بھائیوں نے پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کی ،نتائج کے مطابق نوشیرواں عاشق نے پہلی حافظ آبادکے محمد افضل نے دوسری جبکہ سبحان عاشق نے تیسری پوزیشن حاصل کی، خواتین کیٹیگری میں اولمپیئن رابعہ عاشق نے پہلی جبکہ اسلام آباد کی فرح نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 لارڈمئیر لاہور، ڈپٹی کمشنرصالحہ سعید اور پی ٹی آئی کے رہنما بھی میراتھن ریس کا حصہ بنے،قذافی سٹیڈیم سے میراتھن کا آغاز ہوا تو چھوٹے بڑے سینکڑوں اتھلیٹس ریس میں شامل تھے، لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید، رہنما پی ٹی آئی اعجاز چودھری، نذیر چوہان سمیت متعدد سیاسی رہنما بھی جوگر پہن کر میراتھن میں شامل ہوئے۔

پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی رابعہ عاشق اور فرح نے کہا ہے کہ میراتھن کے تواتر سے انعقاد سے پاکستان کو عالمی مقابلوں کیلئے اچھے کھلاڑی ملیں گے۔انہوں نے کہاکہ ایسے مقابلے ملک بھر کے اتھلیٹس کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بہترین مواقع بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کرائی گئی میراتھن ریس کا بنیادی مقصد پرامن پاکستان کا روشن تشخص سامنے لانا تھا جس میں کامیاب رہے۔

کامیاب اتھلیٹس کو بیگم گورنر پروین سرور نے پروقارتقریب میں انعامات دیئے، میراتھن کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔

مزیدخبریں