ملک اشرف: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ملک کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ٹھیکے داروں کے حوالے نہیں کرنے دیں گے اور قومی خزانے کی بندر بانٹ کی اجازت نہیں دیں گے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں ریٹائرڈ افسروں کی بھاری مراعات پر بھرتیوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی, چیف جسٹس نے پنجاب کی 56کمپنیز میں افسران کی بھاری تنخواہوں کا ازخود نوٹس لے لیا اور ساتھ ہی چیف سیکریٹری سے مراعات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ریٹائرڈ افسران کس قانون کے تحت زائد تنخواہیں لے رہے ہیں، ٹھیکے داری نظام نہیں چلنے دیں گے اور کسی کو بندر بانٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ٹھیکیداروں کے سپرد نہ کیا جائے۔
چیف جسٹس پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب سے تمام کمپنیز میں افسران کو دی جانیوالی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب سے کہا کہ آپ نے سب کچھ پرائیوٹ سیکٹر کے حوالے کردیا، لیکن ہم عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ایک سینئر پروفیسر ڈاکٹر کو روسٹرم پر بلا لیا اور ان سے ان کی تنخواہ کے بارے میں استفسار کیا تو ڈاکٹر نے جواب دیا کہ میں پونے 2 لاکھ تنخواہ لیتا ہوں،ڈاکٹر نے کہا کہ باہر سے جو آتا ہے اسے 20 ،20 لاکھ دیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر میں بھاری تنخواہوں پر ڈاکٹروں کی بھرتی کا بھی نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کو 2 لاکھ جبکہ اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتالوں میں 12 لاکھ تنخواہ کس قانون کے تحت دی جارہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی لگا دیتے ہیں، ہم ڈاکٹروں کو پابند بنائیں گے کہ وہ مکمل ڈیوٹی ادا کریں اور حاضری کو یقینی بنائیں۔