(ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں ”آپریشن عزم استحکام“ کی حمایت میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔قرار داد کےمتن میں کہا گیا کہ یہ ایوان وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ”آپریشن عزم استحکام“ کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتا ہے اور آپریشن عزم استحکام کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔
متن کے مطابق یہ ایوان آپریشن عزم استحکام کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے، ایوان افواج پاکستان، پولیس اور سکیورٹی اداروں کو بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو متحد اور یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے۔
قرار داد متن میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے قوم افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پرامن پاکستان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔