ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے وزیراعظم کے مشیر اور پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کو ٹیلی فون کیا اور خیریت دریافت کی۔
مریم نواز شریف نے امیر مقام پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ مریم نواز شریف نے ٹیلی فون پر امیر مقام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ اور دیگر لوگ محفوظ رہے۔مریم نواز شریف نے امیر مقام سے واقعے کی تمام تفصیلات دریافت کیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ بہادر شخص ہیں، آپ نے دہشت گرد حملوں کے خطرات کے باوجود عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھا ہے۔ امیر مقام اور ان کے ساتھیوں کی بہادری اور عوام کی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے ناگزیر تقاضا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بہ شانہ ہے۔قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو 2018 کی طرح ایک بار پھر دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے۔
مریم نواز شریف نے تربت میں خود کش حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ مریم نواز شریف نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا، اور شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے تربت خودکش حملے میں خاتون پولیس اہلکار سمیت دیگر زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔