پرویز الہیٰ کے رہاہوتےہی دوبارہ گرفتاری کی تیاری

24 Jun, 2023 | 05:54 PM

ویب ڈیسک: ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت پر رہائی کے بعد ایک بار پھر ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

ہفتہ کی شام  ایس پی سول لائنز اور پولیس کی بھاری نفری کیمپ جیل پہنچ گئی۔ پولیس کی بکتر بند گاڑی بھی کیمپ جیل پہنچا دی گئی۔ تاہم بعد ازاں پرویز الٰہی کی ایک مقدمہ میں ضمانت کے بعد ضمانتی مچلکے جمع نہ ہو سکنے کے سبب رہائی کی روبکار نہ بن سکی۔ پولیس اورایف آئی اے کی جو ٹیمیں پرویز الٰہی کو رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرنے کے لئے کیمپ جیل کے باہر موجود تھیں وہ رہائی کی روبکار نہ پہنچنے کی اطلاع ملنے کے بعد واپس چلی گئیں جبکہ پرویز الٰہی کو بھی ان کی بیرک میں واپس پہنچا دیا گیا۔

 پولیس ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کیخلاف غالب مارکیٹ، ریس کورس اور دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں تاہم ان کی ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری کس مقدمے میں کی جائے گی یہ بتانا قبل از وقت ہوگا۔

 پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

 ہفتہ کی شام پرویز الٰہی کی رہائی کی دو روبکاریں پہنچنے سے پہلےایلیٹ فورس اور پولیس کی مزید نفری کیمپ جیل پہنچنا شروع ہوگئی تھی۔ ایس پی سول لائنز سٹی حمزہ امان جیل کے اندر چلے گئے تھے۔

خیال رہے کہ 20 جون 2023ء کو لاہور کی مقامی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے کیس میں پی ٹی آئی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔ جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا تھا۔ اس کیس میں ان کے صاحبزادے مونس الیہی بھی ملزم ہیں جو اس وقت ملک سے باہر ہیں۔

بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جیل ذرائع  کا کہنا تھا کہ پرویزالہی کی ایک مقدمہ میں ضمانت کی روبکار موصول ہو گئی جبکہ انٹی کرپشن کے مقدمہ میں تاحال روبکار موصول نہ ہونے پر انہیں واپس بیرک میں بھجوا دیا گیا۔

پولیس اور ایف آئی اے کے اعلی افسران جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔

 جیل کےباہر پولیس کی بھاری سیکیورٹی تاحال موجودہے۔  ایف آئی اے کو پرویز الہی  سائرہ انور کیس میں مطلوب ہیں۔

مزیدخبریں