ویب ڈیسک: ورون دھون نے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے لیے پیغام دیا ہے جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بالی وڈ فلم جگ جگ جیو کا پنجابی گانا انکے گانے نچ پنجابن کی نقل ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی بالی وڈ فلم جگ جگ جیو جس میں ورن دھون نے اداکاری کے جوہر دکھائے جمعہ کے دن ریلیز ہوئی۔ اس فلم کا مشہور گانا پنجابن جس کے بارے میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے کہا کہ یہ انکا گانا نچ پنجابن ہے جسکو چوری کیا گیا ہے اور وہ اس کے لیے عدالت جائیں گے۔
اس سلسلے میں ورن دھون کو حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ابرارالحق کے لیے ایک پیغام شیئر کرنے کے لیے کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انکی فلم کا گانا گریوال،زہرہ ایس خان، تنشک باغچی اور رومی نے گایا ہے اور ابرار کو یوٹیوب پراصل گانے کا کریڈٹ بھی دیا گیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب ابرار نے بتایا کہ انکے مداحوں نے انکو کہا کہ وہ اپنا گانا چوری ہونے پر کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف عدالت میں کیوں نہیں گئے۔ جس پر ابرارالحق نے اپنے مداحوں کو تسلی دی اور کہا کہ فکر نہ کریں میں عدالت ضرور جائوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی کو اپنا گانا نہیں بیچا نہ ہی کسی کو حق دیا ہے کہ کوئی میرا گانا چوری کرے ، میں نے اس پر بہت محنت کی ہے اور میں یہ نہیں چاہتا کہ اس سے انکی فلم ہٹ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف یہ کہہ دینا کہ کریڈٹ دیا گیا ہے کافی نہیں ہے یہ میرا چھٹا گانا ہے جو انہوں نے چوری کیا ہے۔ آخر میں انہوں نے دھمکی دی کہ اب وہ ان سے عدالت میں ہی ملیں گے۔