(ویب ڈیسک)مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر بجلی بم گرا دیا گیا، بجلی کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا، قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق شہباز حکومت نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی کی قیمت بڑھا دی، روز بہ روز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 روپے31 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے 14 جون 2022 کو عوامی سماعت کی تھی۔
کے الیکٹرک کے اپریل کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔اس سے قبل صارفین سے مارچ کا فیول ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 83 پیسے چارج کیا گیا تھا جو اپریل میں 44 پیسے زیادہ لیےجائیں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق جولائی کے بل پر ہوگا۔