(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں خطرناک وائرس کورونا نے پھر سر اُٹھا لیا ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 309 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.22 فی صد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 13 ہزار 941 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 309 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، کورونا کے 80 مریض انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں۔
این آئی ایچ کے مطابق سندھ میں کورونا مثبت کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اورصوبے میں مثبت کیسز کی مجموعی شرح 6.10 ہوگئی جبکہ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 15.85 تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 2.38،اسلام آباد میں 1.63 ، راولپنڈی 1.52،مردان میں 4.76، پشاورمیں 2.24، گلگت میں 1.42 اور میرپور آزاد کشمیرمیں 2.38فی صد ریکارڈ کی گئی۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔