سپیکر پنجاب اسمبلی کی کامیاب حکمت عملی،بجٹ منظور

24 Jun, 2021 | 08:30 PM

Ibrar Ahmad

سٹی42: سپیکر پنجاب اسمبلی کی کامیاب حکمت عملی ، حکومت نے بجٹ اپوزیشن کی مزاحمت کے بغیر منظور کروالیا۔اپوزیشن کی کتوٹی کی تمام تحریکیں مستردکردی گئیں

 تفصیلات کےمطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی  کی کامیاب حکمت عملی کےباعث پنجاب حکومت کو  بجٹ منظور کروانے میں اپوزیشن کی جانب سے کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بجٹ کی منظوری کے وقت بھاری بھرکم اپوزیشن کے صرف چند اراکین ایوان میں موجود نظر آئے۔ اپوزیشن کی جانب سے بجٹ  منظوری  میں  کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 165 میں  سےصرف چند اراکین ایوان  میں موجود تھےجبکہ پیپلز پارٹی کے7میں سےایک بھی رکن ایوان میں موجود نہیں تھا۔

پنجاب کا اگلےمالی سال کا 2ہزار 528 ارب کا بجٹ منظور کرلیا گیا، اپوزیشن کی کتوٹی کی تمام تحریکیں مستردکردی گئیں۔  سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کا بجٹ منظور کرلیا گیا۔ اپوزیشن کی 40 کٹوتی کی تحریکوں کو مسترد کر دیا گیا۔ بجٹ منظور ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی ،وزیرخزانہ اور اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔

 بجٹ منظوری سے  قبل  کٹوتی کی تحاریک پر بحث کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی نظام کو مفلوج کردیا ہے، وزیر تعلیم مراد راس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت ان پڑھ پنجاب چھوڑ کر گئی، یہ لوگ چاہتے تھے کہ بچے جاہل رہ جائیں کیونکہ تعلیم یافتہ ہونے کے بعد ان لوگوں کو ووٹ کس نے دینا تھا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ سابق حکومت نے 2004 میں یو ای ٹی پروگرام منظوری دی لیکن اس پر کام ہی نہیں کیا۔ ہم نئی یونیورسٹیاں بنا رہے ہیں۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر اسمبلی نے اجلاس جمعہ کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔۔

مزیدخبریں