قذافی بٹ: گور نر پنجاب نے شوگرفیکٹریز ایکٹ کے ترامیمی مسودہ قانون کی منظوری دے دی، ترامیم کے بعد شوگرملز گنے کے کاشتکاروں کو بینکوں کے ذریعے ادائیگی کر نے کی پابند ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق شوگر فیکٹریز ترمیمی ایکٹ پنجاب 1950 میں کاشتکاروں کی سہولتوں کیلئے اہم تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ نئے ایکٹ 2021 میں شوگر ملز کو کسانوں کو ادائیگی کے حوالے سے بھی نئی شق شامل کر دی گئی ہے۔ ترامیمی ایکٹ کے تحت پنجاب میں شوگر ملز حکومت کی مقررہ تاریخ پر ہی گنے کی کرشنگ کر سکیں گی۔ مقررہ وقت پرگنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنیوالی شوگر ملز کیخلاف ایکشن بھی لیا جائیگا۔
نئے ایکٹ کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنیوالی شوگرملز سے کین کمشنر ریکوری کروائیں گے۔ ایکٹ میں شوگر ملز کو پابند کر دیا گیا ہے وہ 45 دن کے اندر کاشتکاروں کو مکمل ادائیگی کر یں گی۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملزسے پیسے لینے کیلئے اب دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کیساتھ کسی قسم کے ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔