پی ٹی آئی ایم این اے ریاض فتیانہ نے کورونا وائرس کا علاج دریافت کرلیا

24 Jun, 2020 | 03:23 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42:کورونا مریض کے لواحقین اپنے پیاروں کو بچانے کیلئے ہر طرح کا نسخہ آزما رہے ہیں،کوئی دیسی ٹوٹکوں سے علاج کروا رہا ہے تو کوئی ہومیو پیتھی اور دیگر طریقہ علاج استعمال کررہا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ کلوروکوئن استعمال کریں تو کورونا کا علاج ہوجائے گا،کراچی کے ڈاکٹر طاہر شمسی نے  پلازمہ سے کورونا مریضوں کا علاج کیا۔اب ایک طریقہ علاج دریافت ہوا ہے۔

تحریک انصاف کے وزرا ،ارکان اسمبلی اپنے منفرد بیانات سے سوشل میڈیا پر مذاق بنے ہوئے، زرتاج گل نے کورونا وائرس کی تشریح کرتے ہوتے بتایا تھا کہ اس کی 19 اقسام ہیں۔جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

اب تحریک انصاف کے ایم این اے اور سابق وفاقی وزیر ریاض فتیانہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مفروضہ ہے کہ ٹڈی دل کھانے سے کورونا کا دفاع کیا جاسکتا ہے،اس کی تحقیق ہونی چاہئے۔اگر ایسا ہوجائے تو قوم خود ٹڈی دل کا تیا پانچہ کردے گی ،حکومت کو زیادہ محنت  کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس دنیا بھر میں قیامت ڈھا رہا ہےاب تک 92 لاکھ مریض سامنے آچکے ہیں،ان میں سے 4لاکھ 74ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں ،ان میں سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 50لاکھ کے قریب ہے۔  کورونا وائرس کی شدت کو روکنے کیلئے دنیا بھر میں لاک ڈائون کیا گیا،اس لاک ڈائون کے دوران عبادت گاہوں، مقدس مقامات،کھیلوں کے میدان،کاروباری مراکز، فضائی آپریشن،پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا گیا۔

 پاکستان میں  کورونا وائرس کے حملوں میں  تیزی آگئی ہے، ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 105 افراد  کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئےجس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3965 ہوگئی جبکہ اب تک کورونا سے متاثرہ 73  ہزار  سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 
 

مزیدخبریں