بجلی کا موجود ہ سسٹم ناکارہ،حکومت کا متبادل نظام لانے پر غور

24 Jun, 2020 | 12:38 PM

Azhar Thiraj

سعود بٹ : بجلی کا موجود ہ سسٹم ناکارہ،پنجاب حکومت نے متبادل نظام لانے پر غور شروع کردیا ۔

بجلی کی ترسیل کا موجودہ سسٹم ناکارہ ہوگیا ،،پنجاب کے اپنے گرڈ اسٹیشن کے منصوبے کے حوالہ سےوزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی زیر صدارت اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا،حکومت نے متبادل نظام لانے پر غور شروع کردیا۔


ترجمان انرجی کے مطابق  اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی ارم بخاری،ایم ڈی پیکا عدنان مدثر اور ایم ڈی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ سلمان ایزد اجلاس میں موجود تھے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ  پنجاب کا اپنا گرڈ اسٹیشن اور بجلی کی بالا تعطل ترسیل کے لئے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر اختر ملک کا کہنا تھا کہ بجلی کی ترسیل کا موجودہ سسٹم ناکارہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مستقبل میں بجلی کی ضرورت اور ترسیل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔اگلے دس سالوں میں پنجاب کو مزید سات ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہوگی۔ اختر ملک نے کہا کہ سولر، ہائیڈل ، بائیو گیس سمیت تمام مقامی ذرائع توانائی کے منصوبوں سے مستقبل کی توانائی کی ضروریات پوری کریں گے۔خراب لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے جن علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی شکایات ہیں ان کا فوری ازالہ کیا جائے ۔

وزیر توانائی پنجاب کے مطابق ہماری تمام تر توجہ عوام کے لئے سستی بجلی کے منصوبے لگانے پر ہے۔ماضی میں ن لیگی حکومت نے مہنگی بجلی کا بوجھ عوام پر ڈالا۔موجودہ سال ڈیلیوری کا سال ہے۔
 

یاد رہے سابق دور حکومت میں ساہیوال،بھکھی شیخوپورہ،کوٹ بہادر جھنگ سمیت دیگر شہروں میں گرڈ سٹیشن بنائے گئے ہیں ،لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوچکا تھا اب دوبارہ سے بجلی کی کمی شروع ہوگئی ہے،لاہور سمیت متعدد شہروں ،دیہات میں بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے۔

مزیدخبریں