پاکستان میں کورونا سے مزید 105 اموات، کیسز 1 لاکھ 85 ہزار سے بڑھ گئے

24 Jun, 2020 | 12:24 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں  تیزی آگئی، ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 105 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئےجس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3965 ہوگئی جبکہ اب تک کورونا سے متاثرہ 73  ہزار  سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3946 مریض سامنے آگئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 1 لاکھ 85 ہزار سے تجاوز کر گئی، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا جہاں کورونا کیسز 71 ہزار سے تجاوز کر گئے، پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 68 ہزار 308، خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد 22 ہزار 633 ہوگئی، بلوچستان میں9 ہزار 587،  اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 219 ہوگئی، گلگت بلتستان میں 1 ہزار 1326 اور آزاد کشمیر میں 869  کورونا مریض ہیں۔

 

این سی او سی کے مطابق ملک بھرمیں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 105اموات ہوئیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں تعداد  1495تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں 1103، کے پی کے میں 843، اسلام آباد میں 106، بلوچستا ن میں 104، گلگت بلتستان میں 22 اور آزاد کشمیر میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، 24 گھنٹوں میں کورونا کے 24 ہزار پانچ سو سے زائد ٹیسٹ کیے گئے، ملک میں ابتک 11 لاکھ 26 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

 

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا ایس او پیز کی 9532 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جس پر 874 مارکیٹوں، دکانوں، ایک صنعت اور 1409 گاڑیوں کو جرمانے  کیے گئے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں.

مزیدخبریں