سٹی 42: کورونا وائرس دنیا بھر میں قیامت ڈھا رہا ہےاب تک 92 لاکھ مریض سامنے آچکے ہیں،ان میں سے 4لاکھ 74ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں ،ان میں سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 50لاکھ کے قریب ہے۔ کورونا وائرس کی شدت کو روکنے کیلئے دنیا بھر میں لاک ڈائون کیا گیا،اس لاک ڈائون کے دوران عبادت گاہوں، مقدس مقامات،کھیلوں کے میدان،کاروباری مراکز، فضائی آپریشن،پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا گیا۔
کورونا مریض کے لواحقین اپنے پیاروں کو بچانے کیلئے ہر طرح کا نسخہ آزما رہے ہیں،کوئی دیسی ٹوٹکوں سے علاج کروا رہا ہے تو کوئی ہومیو پیتھی اور دیگر طریقہ علاج استعمال کررہا ہے۔اب ایک ایسی خبر آئی ہے کہ گھروالوں کی غفلت نے کورونا مریض کی جان لے لی ہے۔
بھارتی ریاست راجستھان میں کورونا وائرس کے مریض کے گھر والوں نے وینٹی لیٹر کا پلگ نکال کر ائیرکولر چلا دیا جس کے باعث وینٹی لیٹر بند ہونے سے مریض دم توڑگیا۔بھارتی اخبار کے مطابق واقعہ 15 جون کو راجستھان کے ضلع کوٹا کے ایک اسپتال میں پیش آیا۔
اس ضمن میں اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلگ نکالے جانے کی وجہ سے وینٹی لیٹر نے کچھ دیر بیٹری پرکام کیا لیکن پھر بند ہوگیا۔ڈاکٹروں کے مطابق انہیں مریض کی تشویش ناک حالت کے بارے میں اطلاع دی گئی تھی لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مریض کی موت کے بعد لواحقین نے ڈاکٹروں پر حملہ بھی کیا تھا۔