(مانیٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر برطانوی میڈیا کی جانب سے سیریز کے حوالے سے پیدا کیے جانے والے شکوک و شبہات کو مسترد کردیا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلیجائلز نے دورہ پاکستان پر تمام شکوک مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرپاکستان کے دورے کو کوئی خطرہ نہیں۔ ایشلیجائلز نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی سیریز پر بھی صورتحال غیر یقینی ہے، ابھی پاکستان کے ٹیسٹ میچزبہت دور ہیں اور فی الحال سیریز پر کوئی شکوک شبہات نہیں۔
پاکستان کی سیریز سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو 80 ملین پائونڈز آمدنی ہوگی اور انگلش بورڈ اس موقع کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے حتی الامکان کوشش کر رہا ہے۔ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ سے قبل تین کھلاڑیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔ لیگ سپنر شاداب خان، نوجوان کرکٹر حیدر علی اور حارث رئوف میں کوروناکی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد تینوں کھلاڑیوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سات مزید کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کے کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹیو آگئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان، وہاب ریاض، محمد حفیظ، محمد حسنین، کاشف بھٹی، عمران خان سینئر اور مساجر ملنگ علی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں اور مساجر کو سیلف آئسو لیشن کا کہہ دیا۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں ان کے جولائی میں دوبارہ ٹیسٹ کروائیں گے جس کھلاڑی کا ٹیسٹ نیگیٹیو آئے گا اسے انگلینڈ بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 28 جون کو بہترین اور متوازن اسکواڈ انگلینڈ جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل اتوار کو راولپنڈی میں کورونا ٹیسٹ ہونے تک کھلاڑیوں میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔